کورونا وائرس: بھارت کی 30 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں میں لاک ڈاون ، متاثرین کی تعداد 471 اور 9 اموات۔
بھارت کی 30 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں میں کورونا وائرس کی وجہ سے پوری طرح سے لاک ڈاون کردیا گیا ہے جبکہ کچھ دیگر ریاستوں نے بھی اپنے کچھ اضلاع میں اسی طرح کی پابندیوں کا اعلان کیا ہے ۔ مرکزی حکومت نے ریاستوں سے یہ بھی کہا ہے کہ اگر ضروری ہوتو اضافی پابندیاں بھی نافذ کی جائیں ۔ پڈوچیری ، پنجاب اور مہاراشٹر نے اپنے یہاں کرفیو لگانے کا بھی اعلان کردیا ہے ۔
ادھر تمل ناڈو میں تین مزید مثبت کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد 471 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اب تک 9 افراد کی موت ہوچکی ہے ۔ تمل ناڈو نے تینوں نئے مریضوں کو آئسولیشن میں ڈال دیا ہے اور ان کا علاج کیا جارہا ہے ۔
وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری لو اگروال نے نامہ نگاروں کی کانفرنس میں بتایا کہ سبھی ریاستی حکومتوں کو لاک ڈاؤن کا سختی سے پیروی کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں اور جو بھی اس کی خلاف ورزی کرے گا ، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔  انہوں نے بتایا کہ سبھی ریاستوں کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنے یہاں ایسے خاص اسپتال قائم کریں جس میں کرونا کے مریضوں کا علاج کیا جائے ۔ انڈین میڈیکل ریسرچ کونسل (آئی سی ایم آر) کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر بلرام بھارگو نے بتایا کہ کورونا کی جانچ کے لئے نجی شعبہ کی لیبس کو منظوری دینے کے ساتھ ہی دو اے سی لیبس کے کٹس کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ڈسٹلیریز کمپنی کو سینیٹائزر بنانے کے لئے خام مال ایتھونال فراہم کرنے کے لئے بھی کہا گیا ہے۔

بھارتی وزیر اعظم کی لوگوں سے اپیل
ادھر وزیر اعظم مودی نے ریاستی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاون پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنائیں کیونکہ کئی لوگ ان اقدامات کو سنجیدگی سے نہیں رہے ہیں ۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ لاک ڈاون کو ابھی بھی کئی لوگ سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں ۔ براہ کرم اپنے آپ کو بچائیں ، اپنے کنبہ کو بچائیں اور ہدایات پر سنجیدگی سے عمل کریں ۔ ریاستی حکومتوں سے میری اپیل ہے کہ وہ قوانین اور ضابطوں پر عمل کروائیں ۔