برطانوی‪ ‬وزیر‪ ‬اعظم‪ ‬کا پورے‪ ‬برطانیہ‪ ‬میں‪ ‬لاک‪ ‬ڈاؤن‪ ‬کا‪ ‬اعلان۔ 2 ‬سے‪ ‬زائد‪ ‬افراد‪ ‬کے‪ ‬جمع‪ ‬ہونے‪ ‬پر‪ ‬پابندی‪،‬ خلاف‪ ‬ورزی‪ ‬کرنے‪ ‬والوں‪ ‬کو‪ ‬جرمانہ‪ ‬کیا‪ ‬جائے گا‪۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے برطانیہ بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق برطانوی وزیر اعظم کے اعلان کے بعد ملک بھر میں 2 سے زائد لوگوں کے ایک جگہ پر کھڑے ہونے پر پابندی ہوگی۔ خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر اعظم نے ملک میں 3 ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ گھروں تک محدود رہیں اور انتہائی ضرورت کے تحت ہی باہر نکلیں۔
 مزید تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے نیشنل ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت دو سے زائد افراد کے گھر سے نکلنے پر پابندی ہوگی۔ وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ ملک میں ایمرجنسی کی صورت حال ہے، گھر پر رہیں، ہم سب مل کر کورونا وائرس کو شکست دیں گے، اگر بہت زیادہ لوگ اکٹھے بیمار ہو گئے تو این ایچ ایس کے لیے مشکل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا لوگوں کی اکثریت ہدایات پر عمل کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ ایک مرتبہ شاپنگ اور صرف ایک بار ایکسرسائز کے لیے باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر دوست بلائیں تو بھی باہر نہ جائیں، رشتہ داروں سے ملنے کے لیے بھی باہر نہ نکلیں، خوراک کے لیے ڈیلیوری سروس استعمال کریں۔ بورس جانسن نے ہدایت کی ہے کہ دو سے زیادہ لوگ اکٹھے باہر نہ نکلیں۔
انہوں نے واضھ کیا ہے کہ پولیس کے پاس طاقت کے استعمال کا اختیار ہے اور ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کو جرمانے بھی کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پارکس کھلے رہیں گے مگر لوگوں کو اکٹھا ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، تاہم اگر صورت حال بہتر ہوئی تو نرمی کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ این ایچ ایس کو لاکھوں ٹیسٹ کٹس مہیا کر دی ہیں اور ادارے کی مکمل سپورٹ جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معاشرے کے ہر فرد کی حمایت کی ضرورت ہے، ماضی میں ہماری قوم نے ایسے بہت سے چیلنجز کا مقابلہ کیا اور ہم اس بحران سے بھی نکلیں گے اور کورونا وائرس کو شکست دیں گے۔ برطانوی ہیلتھ سیکرٹری نے ملک سے باہر تمام برطانوی شہریوں کو جلد از جلد واپس گھر لوٹنے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 967 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد برطانیہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 6650 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں ہلاکتوں کو تعداد 335 ہو گئی۔ علاوہ ازیں این ایچ ایس کی جانب سے اب تک 83,945 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔