وادی کشمیر میں جمعرات کو دو کمسن بچوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ نتائج مثبت آئے ، جس کے ساتھ ہی یہاں اب تک مثبت آنے والے کیسز کی تعداد بڑھ کر 13 ہوچکی ہے ، جن میں سے ایک مریض کا جمعرات کی صبح انتقال ہوگیا ، جبکہ دوسرا ایک مریض صحت یاب ہو چکا ہے۔  سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جن دو کمسن بچوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ نتائج مثبت آئے ہیں ، ان کا تعلق سری نگر کے مضافاتی علاقہ نٹی پورہ سے ہے اور ان کے دادا جو سعودی عرب سے لوٹے تھے ، کا کورونا وائرس ٹیسٹ 24 مارچ کو مثبت آیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں بچوں جن میں سے ایک کی عمر 7 برس اور دوسرے کی عمر 8 ماہ بتائی جارہی ہے ، کو رعناواری میں واقع جے ایل این ایم اسپتال میں زیر علاج رکھا گیا ہے۔  حکومت کے ترجمان روہت کنسل نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سری نگر میں مزید دو مثبت کیس سامنے آئے ہیں ۔ بہن بھائی جن میں سے ایک کی عمر سات برس اور دوسرے کی عمر آٹھ ماہ ہے، سعودی عرب سے لوٹنے والے شہری جس کا 24 مارچ کو کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ، کے پوتے ہیں۔ سری نگر میں ایکٹو کیسز کی تعداد گیارہ ہے۔
دریں اثنا حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے روزانہ میڈیا بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ جموں وکشمیرمیں اب تک 5482 ایسے افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جو یا تو بیرون ممالک سے واپس آئے ہیں یا مشتبہ افراد کے رابطے میں آئے ہیں ۔ ان میں سے13 افراد کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔