کراچی (اردو آن لائن)سندھ میں عالمی موذی مرض کورونا وائرس نے شدت اختیار کر لی ہے اور مثبت کیسز میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ،صوبہ سندھ میں  گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید2افراد کورونا وائرس  سے انتقال کرگئے ہیں جبکہ 339 نئے کیسز رپورٹ  ہوئے ہیں اور 182 مریض موذی مرض سے نجات پانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 10615 نمونے ٹیسٹ کئے گئے جس کے نتیجے میں مزید   339 نئے کیسز سامنے آئے ہیں،سندھ میں اب تک کورونا کے 14لاکھ ستاون ہزار 83 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں  جس  کے نتیجے میں صوبے میں اب تک ایک لاکھ انتالیس ہزار  910 کیسز سامنے آچکے ہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کورونا کے مزید 182 مریض صحتیاب ہوگئے اور صحت یاب ہونے والوں  کی مجموعی تعداد 132559  ہوچکی  ہے،آج کورونا کے باعث مزید 2 مریض انتقال کرگئے ہیں  جس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد2543 ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت 4808 مریض زیر علاج ہیں جن میں 4501 مریض گھروں میں،  6 آئسولیشن سینٹرز میں اور 301 مریض  مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں،187 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے  جن میں سے 23 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے 339 کورونا کیسز میں سے  194  نئے کیسز کا تعلق کراچی سے ہے جن میں ضلع جنوبی 75، ضلع شرقی 70 اور ضلع وسطی 24، ضلع کورنگی 12، ضلع ملیر 8 اور ضلع غربی سے   5  نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،اسی طرح شہید بینظیرآباد 15، حیدرآباد12،بدین 10، سجاول 9، سکھر 7،جامشورو اور لاڑکانہ 6-6، میرپورخاص اور ٹنڈوالہیار 5-5،قمبر اور مٹیاری 4-4، خیرپور، شکارپور اور عمرکوٹ 2-2،گھوٹکی، کشمور اور نوشہروفیروز میں سے  1-1  نئے کیسز  سامنے  آئے ہیں۔